پشاور (جیوڈیسک) عمران خان کا اسمبلی توڑنے سے متعلق بیان کے خلاف خیبر پختون خوا اسمبلی میں تحریک استحقاق جمع کرادی گئی۔اپوزیشن جماعتوں نے اسمبلی سے واک آؤٹ کیا، جبکہ حکومتی اور اپوزیش جماعتوں کے مابین ہنگامہ آرائی بھی ہوئی۔ اسپیکر اسد قیصر کی زیر صدارت خیبرپختونخوا اسمبلی کے اجلاس میں اسمبلی توڑنے سے متعلق عمران خان کے بیان پر حکومتی اور اپوزیشن جماعتوں کے درمیان ہنگامہ آرائی ہوئی اور اپوزیشن نے اسمبلی سے واک آؤٹ کیا۔
جبکہ مسلم لیگ ن کے راجہ فیصل زمان اور پی پی پی کی نگہت اورکزئی نے عمران خان کے بیان کے خلاف اسمبلی میں تحریک استحقاق جمع کرائی، جس میں کہا گیا ہے کہ عمران خان باربار غیرقانونی اور غیر جمہوری انداز میں اسمبلی توڑنے کی باتیں کرر ہے ہیں جو عوام کی توہین ہے۔
رکن صوبائی اسمبلی منور خان ایڈووکیٹ نے ایوان سے خطاب میں کہا کہ عمران خان نے باربار اسمبلی توڑنے کی دھمکی دی ہے۔ انہوں نے استفسار کیا کہ کیا اسمبلی عمران خان کی جا گیر ہے؟ حکومت کی جانب سے شوکت یوسف زئی وضاحت کرنا چاہتے تھے مگر اپوزیشن نے انہیں خطاب کرنے نہیں دیا۔