پشاور (اصل میڈیا ڈیسک) وزیر صحت خیبرپختونخوا تیمور سلیم جھگڑا کا کہنا ہے کہ خیبرٹیچنگ اسپتال میں آکسیجن سلنڈرز بروقت نہ پہنچنے پر کورونا کے 7 مریض جاں بحق ہو گئے۔
تیمور سلیم جھگڑا کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ خیبر ٹیچنگ اسپتال پشاور میں گزشتہ رات آکسیجن کی سپلائی میں کمی کا واقعہ پیش آیا۔
ان کا کہنا تھا کہ اسپتال میں آکسیجن سلنڈرز بروقت نہ پہنچنے پر کورونا کے 7 مریض جاں بحق ہو گئے۔
صوبائی وزیر صحت کا کہنا ہے کہ اسپتال کے بورڈ آف گورنر کو 2 روز کے اندر انکوائری و ایکشن کا کہا گیا ہے۔
تیمور سلیم جھگڑا نے مزید کہا کہ مطمئن نہ ہونے کی صورت میں حکومت خود اپنی آزادانہ انکوائری کرائے گی۔
خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا کے مجموعی کیسز کی تعداد 8361 ہو گئی ہے جس میں سے کے پی میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 1404 ہے۔