کراچی (جیوڈیسک) کراچی میں مقامی تاجر کے ڈرائیور نے اپنے ہی اغوا کا ڈرامہ رچایا اور خود ہی تاوان لینے پہنچ گیا۔ تاوان کیا ملتا رنگے ہاتھوں دھر لیا گیا۔ سی پی ایل سی چیف احمد چنائے کے مطابق اے وی سی سی، سی پی ایل سی اور فیروز آباد پولیس نے سائٹ میں مشترکہ کارروائی کی اور گاڑی سمیت اپنے اغوا کا ڈرامہ رچانے والے مقامی تاجر کے ڈرائیور ظفر علی کو گرفتار کر لیا۔
احمد چنائے نے بتایا کہ ظفر علی گزشتہ روز تاجر کے بچوں کو اسکول چھوڑنے گیا اور واپسی پر گاڑی سمیت اپنے اغوا کا ڈرامہ رچا دیا، اس نے خود کو مغوی ظاہر کیا اور فون پر مقامی تاجر سے دو کروڑ روپے تاوان طلب کیا ،20 لاکھ روپے میں بات چیت طے ہوئی اور وہ خود ہی تاوان وصول کرنے جب سائیٹ ایریا پہنچا تو گاڑی سمیت گرفتار کر لیا گیا۔