لاہور (جیوڈیسک) وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف کی جانب سے لاہور میں بین الاقوامی معیار کا کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ قائم کرنے کا منصوبہ شروع کیا جارہا ہے جس کا سنگ بنیاد ایک ماہ کے اندر رکھ دیا جائے گا۔
یہ بات مشیر وزیر اعلیٰ پنجاب برائے صحت خواجہ سلمان رفیق نے گزشتہ روز انسٹی ٹیوٹ کے قیام کے سلسلہ میں 30 کروڑ کا چیک پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹیٹیوٹ ٹرسٹ کے چیئرمین اور الشفا انٹر نیشنل میں جگر کی پیوندکاری کے شعبہ کے سربراہ پروفیسر سعید اختر کے حوالے کرنے کی تقریب کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ حکومت منصوبے کیلئے ضرورت کے مطابق بتدریج فنڈز فراہم کرے گی۔ انہوں نے بتایا کہ انسٹیٹیوٹ کے قیام کے بعد اس کو چلانے کے لئے تقریبا 6 ارب روپے سالانہ خرچ ہوں گے جس کا 25 فیصد حکومت پنجاب ادا کرے گی جبکہ 75 فیصد فنڈز انسٹی ٹیوٹ کا ٹرسٹ مخیر حضرات کے ذریعے خود اکٹھا کرے گا۔