وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ آئی بی دہشتگردوں پر کڑی نظر رکھے اور ملک بھر میں اپنے انٹیلی جنس نیٹ ورک اور صوبوں میں دیگر انٹیلی جنس اداروں کے ساتھ مربوط تعلقات کوفروغ دے۔اسلام آباد میں ایک اعلی سطح اجلاس میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ آئی بی ملک میں دہشتگرد حملے روکنے کیلئے بہترین کارکردگی کا مظاہر ہ کرے۔ اس موقع پر ڈی جی آئی بی نے وزیراعظم کو ملک میں غیر ریاستی عناصر اور دہشتگردوں کی سرگرمیوں سے نمٹنے کیلئے آئی بی کی حکمت عملی سے آگاہ کیا۔
ڈی جی آئی بی نے وزیراعظم کو کراچی میں اغوا کاروں سے بچی کی بازیابی کیلئے نیلم کالونی میں کئے جانیوالے آپریشن اور جسٹس مقبول باقر پر بم حملے میں ملوث افراد کی گرفتاری کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کیا۔ ڈی جی نے بتایا کہ آئی بی نے گلشن جوہر میں کارروائی کرکے معصوم با للہ کو گرفتار کیا جو ایک بڑا بریک تھرو ثابت ہوئی۔ جس سے پتہ چلا کہ باللہ لشکر جھنگوی کے ڈیتھ سکواڈ کے معاملات چلا رہا تھا اور وہ جسٹس مقبول باقر پر حملے میں ملوث تھا بعد میں نشاندہی پر معصوم باللہ کے دیگر ساتھیوں کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔