اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیراعظم نواز شریف سے ایئرچیف مارشل طاہر رفیق بٹ نے اسلام آباد میں ملاقات کی اور دہشتگردوں کیخلاف فضائی حملوں کے حوالے سے بریفنگ دی۔ پاک فضائیہ کے سربراہ نے گزشتہ روز وادی تیراہ میں کی گئی کارروائیوں سے متعلق بھی وزیر اعظم کو آگاہ کیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم نواز شریف نے ایئرچیف کو ہدایت کی کہ دہشتگردوں کو چن چن کر نشانہ بنایا جائے۔ وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ اپنے بچوں کے قاتلوں کو اب اس سرزمین پر ٹکنے نہیں دینگے۔
معصوم بچوں کے قاتلوں سے خون کے ایک ایک قطرے کا حساب لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ ملکی دفاع میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے، پاک فضائیہ کے ہواباز دہشتگردوں کو نشانہ بناتے وقت سانحہ پشاور کو سامنے رکھیں۔