جھنگ : پولیس تھانہ کوٹ شاکر کے علاقہ نولاں آباد چک نمبر 7/1 تھل تحصیل اٹھارہ ہزاری ضلع جھنگ میں بااثر بھٹہ مالک طالب خان اور اس کے بیٹوں نے مل کر غریب معزور آدمی مصری خان کے مکان پر زبردستی ایکسیویٹر چلاکر اس کو مسمار کردیا ۔تفصیلات کے مطابق مصری خان ولد احمد خان قوم نول سکنہ نولاں آباد چک نمبر 7/1 تھل تحصیل اٹھارہ ہزاری ضلع جھنگ کی طرف سے پولیس تھانہ کوٹ شاکر اور ڈی پی او جھنگ کو دی گئی تحریری درخواست میں اپنا موقف اختیار کیا ہے کہ وہ مورخہ 14 -07-2016 کو بسلسلہ مزدوری لیہ میں تھا اور دیگر فیملی رشتہ داروں سے ملنے ٹوبہ ٹیک سنگھ گئی ہوئی تھی کہ پیچھے سے طالب خان ولد درگاہی خان نے ویرانی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنے بیٹوں مشتاق اور ابو الاسد ساکنائے نولاں آباد چک نمبر 7/1 تھل تحصیل اٹھارہ ہزاری سے مل کر ایکسیویٹر مشین سے دو عدد پختہ کمرے ،چھوٹی چھوٹی چار دیواری وغیرہ مسمار کرکے اس میں پڑا گھریلو سامان لوٹ کر ناجائز قبضہ کرنے کی کوشش کی ،جس کی اطلاع اہل علاقہ کے لوگوں نے مجھے دی جس پر میں واپس اپنے گھر پہنچا تو مکان کو مسمار دیکھ کر مجھ پر قیامت ٹوٹ گئی تو میں نے 15پر کال کی لیکن کوئی بھی مجھ غریب ،ناچار اور بے بس کی مدد کرنے کو نہ آیا۔
درخواست گذار نے میڈ یا کو بتاتے ہوئے کہا کہ میں نے ایک تحریری درخواست پولیس تھانہ کوٹ شاکر کو گذاری لیکن اس پر کوئی کاروائی نہ کی گئی بلکہ مجھے بے حسی کا نشانہ بنایا گیا ،بعد ازں ڈی پی او جھنگ کو بھی تحریری درخواست گذاری گئی لیکن مقامی پولیس نے نوٹوں کی چمک اور بااثر شخص کی ایماء پر بجائے ملزمان کے خلاف کاروائی کرنے کے مذکورہ درخواست کو جوتے کی نوک پر لکھ دیا ہے ،بد قسمت شخص نے خادم اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف ،آئی جی پنجاب پولیس ،آر پی او فیصل آباد اور ڈی پی او جھنگ سے ملزمان کے خلاف کاروائی کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے انصاف کی اپیل کی ہے۔