کراچی (جیوڈیسک) وزیر اعلی سندھ سید قائم علی شاہ صوبے کے تمام سرکاری محکموں میں بھرتیوں پر پابندی عائد کردی۔فیصلہ صوبے کی کمزور مالی صورتحال کے پیش نظر کیا گیا۔ وزیر اعلی ہاس کراچی میں وزیراعلی سندھ سید قائم علی شاہ کی زیر صدارت آئندہ مالی سال کے بجٹ، صوبے کی مجموعی مالی صورتحال اور محصولات کی وصولی کے حوالے سے مشاورت کی گئی۔
اجلاس میں وزیر اعلی سندھ کے مشیر برائے خزانہ سید مراد علی شاہ، شکیب قریشی، ایڈیشنل چیف سیکرٹری پلاننگ اینڈ ڈیویلپمنٹ عارف خان، سیکرٹری فنانس سہیل راجپوت اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں آئندہ سال کے ترقیاتی منصوبوں اور تاخیر کا شکار ہونے والے پراجیکٹس کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس کے بعد وزیر اعلی سندھ نے صوبے کے تمام محکموں میں بھرتیوں پر پابندی عائد کر دی ہے۔ ترجمان وزیر اعلی ہاوس کے مطابق نئی بھرتیوں پر پابندی کے فیصلے کا اطلاق فوری طور پر ہو گا اور اس ضمن میں کسی بھی قسم کی شکایت پر سخت کاروائی کی جائے گی۔