موہالی (جیوڈیسک) چیمپئنز لیگ کے سلسلے کے دوسرے میچ میں کنگز الیون پنجاب کو ٹاس ہارنے کے بعد پہلے بیٹنگ کی دعوت ملی تو اس کے اوپنرز سہواگ اور وہرا نے بالترتیب 52 اور65 رنز بنا کر پہلی وکٹ کا سنچری سٹینڈ دیا، جب کہ رہی سہی کسر ملر نے 40 ناٹ آوٹ بنا کر پوری کر دی اور جب پانچ وکٹوں پر بیس اوورز مکمل ہوئے تو مجموعی سکور 215 بن چکا تھا۔
ٹورنامنٹ کی ایک اچھی ٹیم سمجھی جانے والی نیوزی لینڈ کی ناردرن ڈسٹرکٹس کے لئے یہ پہاڑ جیسا ٹوٹل حاصل کرنا مشکل ترین ثابت ہوا اور پوری ٹیم 16 ویں اوور میں صرف 95 پر ڈھیر ہو گئی۔ اس کے صرف تین بلے باز ڈبل فیگر میں داخل ہو سکے۔ ولیمسن صرف 20 رنز بنا سکے جب کہ ڈیوکیش 28 اور کپتان فلین 12 بنا پائے۔
پنجاب کی جانب سے کرنویر سنگھ نے چار ، اور پٹیل نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ وہرا کو مین آف دی میچ کا اعزاز ملا۔ پوائنٹس ٹیبل پر پنجاب کی ٹیم تینوں میچ جیت کر بارہ پوائنٹس کے ساتھ سیمی فائنل میں پہنچ گئی ہے اور آخری میچ ہارنے کی صورت میں بھی اس کو کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ ناردرن کی ٹیم اور کوبراز کے چار چار ہیں جب کہ ہوبارٹ ہریکینز کے آٹھ پوائنٹس ہیں۔
کوبراز اور ناردرن میں سے کوئی اپنا آخری میچ جیت کر آٹھ پوائنٹس کر بھی لے اور ہوبارٹ کی ٹیم ہار بھی جائے تو بھی سیمی فائنل میں جانے کے امکانات شعیب ملک کی ٹیم ہوبارٹ کے ہی ہیں، کیونکہ اس کانیٹ رن ریٹ دیگر ہر دو سے بہتر ہے۔ آج بھی دو میچز ہوں گے ، ساڑھے تین بجے دوپہر کو پہلا میچ لاہور لائنز اور ڈالفنز کے بیچ ہو گا، دوسرا چنائی سپر کنگز اور سکارچرز کے بیچ شام کو کھیلا جائے گا۔