کنگسٹن (جیوڈیسک) کنگسٹن کے سبینا پارک میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو 7 وکٹوں سے شکست دیدی ہے۔ پاکستان کو جیت کیلئے صرف 32 رنز کا ٹارگٹ ملا تھا جسے اس نے تین وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔
ویسٹ انڈیز کی ٹیم نے آج 93 رنز اور 4 وکٹوں کے نقصان پر آخری دن کے کھیل کا آغاز کیا۔ تاہم ٹیم کا سکور ابھی 110 رنز تک ہی پہنچا تھا کہ ویسٹ انڈیز کو پانچواں نقصان اٹھانا پڑ گیا۔ یہ وکٹ محمد عامر کے حصے میں آئی جنہوں نے وشال سنگھ کو بولڈ کر کے باہر کی راہ دکھائی۔ وشال سنگھ نے صرف 9 رنز بنائے۔ ویسٹ انڈیز کی چھٹی وکٹ 129 کے سکور پر گری جب بشو صرف 18 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہو گئے۔ محمد عباس کی گیند پر یونس خان نے ان کا کیچ لیا۔ اس سے اگلی ہی گیند پر شین ڈوروچ بغیر کوئی رن بنائے ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہو گئے۔
ویسٹ انڈیز کا سکور ابھی 151 کے سکور پر ہی پہنچا تھا کہ اسے آٹھویں وکٹ بھی گنوانا پڑ گئی۔ اس مرتبہ جیسن ہولڈر فاسٹ باؤلر وہاب ریاض کا شکور بنے۔ ہولڈر صرف 14 رنز بنا سکے۔ اس کے بعد ویسٹ انڈیز کے سکور میں صرف ایک رنز کا ہی اضافہ ہوا تھا کہ ان کا نواں کھلاڑی بھی آؤٹ ہو گیا۔ ویسٹ انڈیز کے نویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی جوزف تھے جن کی وکٹ بھی یاسر شاہ کے حصے میں آئی۔ اس کے بعد آنے والے کھلاڑی گیبریل کو بھی یاسر شاہ نے صفر پر چلتا کیا۔ یوں ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم اپنی دوسری اننگز میں صرف 152 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
پاکستان کی جانب سے یاسر شاہ نے زبردست باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس ٹیسٹ میچ میں ویسٹ انڈیز کے 8 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ جبکہ محمد عامر نے 7، محمد عباس 3 اور وہاب ریاض نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
گزشتہ روز دوسری اننگز میں ویسٹ انڈیز کے پہلے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی بریتھ ویٹ تھے جنھیں یاسر شاہ نے بولڈ کیا۔ انہوں نے صرف 14 رنز بنائے۔ اس وقت ویسٹ انڈیز کا سکور صرف 22 رنز تھا۔ ویسٹ انڈیز کو دوسرا نقصان 72 کے سکور پر اٹھانا پڑا جب یاسر شاہ نے ہیٹمیئر کو بھی بولڈ کر کے واپس بھیج دیا۔ ہیٹمیئر نے صرف 20 رنز بنائے۔ تیسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی ہوپ تھے جن کی وکٹ بھی یاسر شاہ کے حصے میں آئی۔ ہوپ صرف 6 رنز بنا کر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے۔
پوویل یاسر شاہ کی چوتھی وکٹ بنے۔ انہوں نے 49 رنز کی اننگز کھیلی۔ اس سے قبل ویسٹ انڈیز کی پہلی اننگز کے سکور 286 رنز کے جواب میں پاکستان کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں 407 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔ اس طرح پاکستان کو 121 رنز کی برتری حاصل تھی۔ پہلی اننگز میں پاکستان کے آخری آؤٹ ہونے والے کھلاڑی محمد عباس تھے۔
اس طرح کپتان مصباح الحق صرف ایک رنز کی کمی کے ساتھ اپنی سینچری مکمل نہ کر سکے اور 99 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔ مصباح الحق نے اس ٹیسٹ میچ میں اپنے کیریئر کے 5000 رنز بھی مکمل کیے۔ وہ یہ اعزاز حاصل کرنے والے ساتویں پاکستانی بلے باز ہیں۔