کینو کا برآمدی ہدف حاصل کر لیا گیا، 18 کروڑ ڈالر کی آمدن

Orange

Orange

کراچی (جیوڈیسک) پاکستان نے 3 لاکھ ٹن کینو کی ایکسپورٹ کا ہدف سیزن کے خاتمے سے قبل ہی حاصل کر لیا۔ آل پاکستان فروٹ اینڈ ویجیٹبل امپورٹرز ایکسپورٹرز اینڈ مرچنٹس ایسوسی ایشن کے ترجمان اور سابق چیئرمین وحید احمد کے مطابق یکم دسمبر سے اب تک پاکستان سے 18 کروڑ ڈالر مالیت سے زائد کا 3 لاکھ 5 ہزار ٹن کینو برآمد کیا گیا، رواں سال کینو کی مجموعی پیداوار 21 لاکھ ٹن رہی تاہم کینو کے باغات پر بیماری کے حملے، سخت موسم اور ژالہ باری سے 50 فیصد فصل کو شدید نقصان پہنچا۔

رواں سیزن میں ایرانی مارکیٹ مکمل طور پر بند رہی جس سے ایکسپورٹ میں 80 ہزار ٹن کمی کا سامنا کرنا پڑا، انڈونیشیا سے ترجیحی تجارتی معاہدے کے سبب ایکسپورٹ 15 فیصد اضافے سے 40 ہزار 500 ٹن رہی، روسی قرنطینہ حکام کی جانب سے پاکستان کے لیے زرعی مصنوعات پر پابندی کے سبب روس کو کینو کی ایکسپورٹ 15 روز تاخیر سے ہوئی جس سے روس کو کینو کی ایکسپورٹ گزشتہ سال سے 11 ہزار ٹن تک کم رہی اور مجموعی طور پر 62 ہزار ٹن کینو روس ایکسپورٹ کیا گیا، رواں سیزن میں جن دیگر ملکوں کو کینو برآمد کیا گیا ان میں برطانیہ، کینیڈا، نیدرلینڈ، فلپائن، ہانگ کانگ، بنگلہ دیش، سری لنکا، سنگاپور ملائیشیا ، مڈل ایسٹ افغانستان اور سینٹرل ایشیائی ریاستیں شامل ہیں۔