ممبئی (اصل میڈیا ڈیسک) بالی ووڈ کے معروف فلمساز کرن جوہر ڈرگس پارٹی منعقد کروانے پر مشکل میں پھنس گئے ہیں۔
دہلی قانون ساز اسمبلی کے سابقہ رکن منجندر سنگھ سرسا نے نارکوٹس کنٹرول بیورو(این سی بی) میں ہدایت کار کرن جوہر، ادکارہ دپیکا پڈوکون، ملائیکہ اروڑا، اداکار شاہد کپور، ارجن کپور، رنبیر کپور سمیت کئی فلمی ستاروں کے خلاف درخواست دی ہے۔ جس میں انہوں نے موقف اختیار کیا کہ کرن جوہر نے گزشتہ سال اکتوبر میں اپنے گھر میں ڈرگس پارٹی منعقد کی تھی جس میں تمام بالی ووڈ اداکار نشے کی حالت میں تھے۔
منجندر سنگھ سرسا نے یہ بھی کہا کہ ڈرگس پارٹی کی تمام ویڈیو خود کرن جوہر نے اپنے انسٹا گرام اکاونٹ پر شیئر بھی کی تھی جس میں بہت سے اداکارنشے کی حالت میں نظر آرہے ہیں، لہذا اس تمام معاملے کی باریک بیتی سے تحقیقات کی جائے۔
سرسا کی جانب سے بالی ووڈ شخصیات کے خلاف تحقیقات کا مطالبہ عین اس وقت سامنے آیا جب اداکار سوشانتھ سنگھ راجپوت کے قتل میں ملوث گرفتار ریہاچکربرتی نے الزام عائد کیا تھا کہ سیف علی خان کی بیٹی سارہ علی خان اوررکول پریت سنگھ سمون خمبتا بھی مرحوم اداکار سوشانتھ کے ساتھ منشیات کا استعمال کرتی تھیں۔
واضح رہے کہ ریہا چکربرتی کے بیان کے بعد سے این سی بی سوشانتھ سنگھ کی موت کے شبے میں اب تک 20 سے زائد منشیات فروشوں کو گرفتار کر چکی ہے۔