لاہور (جیوڈیسک) وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پتنگ بازی کے واقعات نہ پہلے برداشت کیے ہیں نہ اب کریں گے۔ جس علاقے میں پتنگ بازی ہوگی وہاں کے ڈی ایس پی اور ایس ایچ او کے خلاف کارروائی ہوگی۔ وزیراعلیٰ نے ڈاکٹروں اور پیرامیڈیکل اسٹاف کی بھرتی کی منظوری بھی دے دی۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے لاہور میں ویڈیو لنک کے ذریعے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے لاہور اور شیخوپورہ میں پتنگ بازی کے واقعات پر برہمی کا اظہار کیا اور متعلقہ ڈی ایس پی اور ایس ایچ او کو معطل کرنے کے احکامات جاری کیے۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھاکہ پتنگ اورڈور کا کاروبار کرنے والوں کے خلاف بھی سخت ایکشن لیا جائے۔ وزیراعلیٰ نے محکمہ صحت میں اصلاحات سے متعلق اجلاس سے بھی ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کیا۔ وزیراعلیٰ نے صحت عامہ کی بہتری کیلئے ڈاکٹروں اور پیرامیڈیکل اسٹاف کی بھرتی کی منظوری دی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پسماندہ اضلاع کے اسپتالوں میں ڈاکٹروں کو خصوصی مراعاتی پیکیج دیا جائے گا۔