لاہور (جیوڈیسک) پنجاب کے وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے بادامی باغ میں ڈور پھرنے سے نوجوان کے جاں بحق ہونے کے واقعے کا سخت نوٹس لے لیا اور ایک ڈی ایس پی اور 2 تھانیداروں کو معطل کر کے برخاست کرنے کا حکم دینے کے علاوہ ایس پی سٹی کو او ایس ڈی بھی بنا دیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کوٹ عبدالمالک کے رہائشی 27 سالہ حافظ راشد کے ڈور پھرنے سے جاں بحق ہونے کے واقعے کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے ایس ایچ او بادامی باغ،ایس ایچ او راوی روڈ اور ڈی ایس پی شفیق آبادکو معطل اور نوکری سے برخاست کرنے کا حکم دیا اور ایس پی(سٹی)امتیاز سرور کو او ایس ڈی بنا دیا۔
وزیراعلیٰ نے ذمے دار پولیس افسروں کے خلاف پیڈا ایکٹ کے تحت کارروائی کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا، غفلت برتنے والے پولیس افسران کسی رعایت کے مستحق نہیں، شکایت ملنے پر متعلقہ پولیس حکام کے خلاف کارروائی ہو گی اور پتنگ بازی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔