ہیملٹن (جیوڈیسک) کیوی اوپنرز کی غیرمعمولی کارکردگی نے مشتاق احمد کو بھی حیران کردیا، بولنگ کوچ کا کہنا ہے کہ مارٹن گپٹل اور کین ولیمسن نے کسی بولر کو سنبھلنے کا موقع ہی نہیں دیا۔
تفصیلات کے مطابق اسپین بولنگ کوچ نے میچ کے بعد ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ پاکستان کی اننگز میں ابتدا اچھی نہ ہونے کے بعد عمر اکمل نے اچھی بیٹنگ کی، ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں 2 بیٹسمین بھی اسکور کرجائیں تو بہتر ٹوٹل حاصل کیا جاسکتا ہے۔
تاہم گرین شرٹس کو 15 یا 20 رنز مزید بنانا چاہیے تھے،مارٹن گپٹل اور کین ولیمسن کی مختصر فارمیٹ میں طویل شراکت غیر معمولی تھی جس نے سب کو حیران کردیا، دونوں نے وکٹ کے چاروں جانب مسلسل درست اسٹروکس کھیلے اور کس بولر کو سنبھلنے کا موقع نہیں دیا۔
آفریدی نے قیادت بری نہیں کی لیکن اس طرح کی بیٹنگ کیخلاف پلان برقرار رکھنا مشکل ہوجاتا ہے، تیسرے میچ سے قبل حکمت عملی پر ازسرنو غور کرتے ہوئے بولنگ میں ورائٹی لانے اور ابتدا میں جلد وکٹیں حاصل کرینگے، گزشتہ میچ میں کیویز کی اننگز کا ردھم توڑنے میں کامیاب رہے جس کی بدولت فتح بھی حاصل ہوئی۔
ایک ناکامی کا یہ مطلب نہیں کہ گرین شرٹس ہمت ہار کر بیٹھ جائیں، نیوزی لینڈ کی ٹیم آکلینڈ میں شکست کے بعد ابھر سکتی ہے تو ہماری کیوں نہیں، مہمان ٹیم بھی پروفیشنل اور اپنے ملک کیلیے کھیلنے کے جذبے سے معمور ہے، بطور کوچ کھلاڑیوں کو ترغیب دلائینگے تاکہ سیریز کے فیصلہ کن میچ میں نتیجہ ہمارے حق میں ہو۔