لاہور (جیوڈیسک) بیگم کلثوم نواز کی تشویشناک حالت کے باعث نوازشریف اور مریم نواز نے وطن واپسی مؤخر کر دی۔
بیگم کلثوم نواز کی حالت تاحال تشویشناک ہے جب کہ ذرائع کے مطابق ڈاکٹرز کے مشورے کے بعد نوازشریف اور مریم نواز نے وطن واپسی مؤخرکردی ہے۔
مسلم لیگ (ن) کے قائد نوازشریف کی صاحبزادی مریم نواز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ابو اور میں نے امی کو بہت آوازیں دیں مگر وہ کوئی جواب نہیں دیتیں، دل کرتا ہے امی آنکھیں کھولیں اور بات کریں، والدہ کی طبیعت تاحال تشویشناک ہے اور فی الحال ڈاکٹرز ان کی صحت کے بارے میں حتمی طور پر کچھ نہیں کہہ رہے۔
ایک اور ٹوئٹ میں مریم نواز نے کہا کہ اللہ تعالیٰ دعائیں سنتاہے اور قوم میری امی کے لئے دعا کرے جب کہ بلاول کا کلثوم نواز کی صحت یابی کے لئے دعا اور پھول بھجوانے پر ان کا شکریہ ادا کرتی ہوں، اللہ بلاول بھٹوزرداری کی والدہ کے درجات بلند کرے۔
واضح رہے سابق وزیراعظم نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز لندن کے اسپتال میں زیر علاج ہیں جب کہ نواز شریف، شہباز شریف اور مریم نواز لندن میں موجود ہیں۔