کراچی (جیوڈیسک) سندھ ہائیکورٹ نے دو روز میں کے ایم سی اور ڈی ایم سی کے 60 ہزار ملازمین اور 20 ہزار پینشنرز کے واجبات کی ادائیگی کا حکم دے دیا ہے۔
کے ایم سی ورکرز یونین کے صدر ذوالفقار شاہ نے سندھ ہائیکورٹ میں درخواست کی دائر کی تھی کہ کے ایم سی اور ڈی ایم سی کے 60 ہزار ملازمین اور 20 ہزار پینشنرز کے واجبات کی ادائیگی تاحال نہیں ہوسکی ہے۔
عدالت نے دو دن میں ملازمین اور پینشنرز کوتنخواہیں اور پینشن ادا کرنے کا حکم دیتے ہوئے 4 اگست کو کے ایم سی اور ڈی ایم سی کے تمام ایڈمنسٹریٹرز کو طلب کرلیا ہے۔ درخواست گذار نے موقف اختیارکیا تھاکہ عیدسے قبل تمام ملازمین کو تنخواہیں اور واجبات ادا کیے جائیں۔
جب تک عدالتی حکم نہیں ہوتا اسوقت تک تنخواہیں ادا نہیں کی جاتی ،لوکل گورنمنٹ صوبائی حکومت پر ذمہ داری ڈال دیتی ہے اور صوبائی حکومت لوکل گورنمنٹ پر ذمہ داری ڈال دیتی ہے جس کا خمیازہ ملازمین اور پینشنرز کو بھگتنا پڑتا ہے، درخواست کی سماعت سندھ ہائیکورٹ کے چیف جسٹس فیصل عرب کی سربراہی میں دورکنی بینچ نے کی۔