کراچی : کراچی میٹرو پولیٹن کارپوریشن اور بلدیہ کورنگی کے تحت شاہ فیصل زون کی تمام یونین کونسل میں انسداد ڈینگی و ملیر مہم کا آغاز کردیا گیا ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی قرة العین میمن نے کہا ہے کہ انسداد ڈینگی اور ملیر کے حوالے سے اقدامات کرکے صحت مند معاشرے کا قیام ممکن بنا یا جائے گا۔
عوام صاف ستھرا اور صحت مند ماحول کے قیام کے لئے بلدیہ کورنگی سے تعاون کریں انہوں نے متعلقہ ذمہ دران کو ہدایت کی ہے کہ ندی نالوں کی صفائی کے ساتھ گلیوں اور محلوں میں صاف ستھرا ماحول کا قیام یقینی بنا نے کے ساتھ جراثیم کش ادویات کا اسپرے تواتر کے ساتھ انجام دیا جائے۔
شاہ فیصل زون میں انسداد ڈینگی و ملیر مہم کے تحت شاہ فیصل کالونی کی تمام یونین کونسل میں جراثیم کش ادویات کی اسپرے مہم کا آغاز اسسٹنٹ کمشنر شاہ فیصل زون ولی محمد بلوچ نے ڈائریکٹر ہیلتھ بلدیہ کورنگی رفیق شیخ کے ہمراہ کیا۔
اس موقع پر کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن اور بلدیہ کورنگی کے افسران بھی موجود تھے اسسٹنٹ کمشنر شاہ فیصل زون ولی محمد بلوچ نے کہاکہ صحت مند معاشرے کے قیام کے لئے عوام بلدیاتی اداروں سے تعاون کریں اور اپنے گھر کی طرح گلیوں اور محلوں کو بھی صاف ستھرا رکھیں۔