کراچی (جیوڈیسک) ایڈیشنل سیکریٹری فنانس نے سندھ ہائیکورٹ کو کے ایم سی اور ڈی ایم سیز کے 80 ہزار سے زائد ملازمین اور پینشنرز کو عید سے قبل ادائیگی کی یقین دہانی کرادی ہے۔
سندھ ہائیکورٹ میں کے ایم سی اور ڈی ایم سیز کے 80 ہزار سے زائد ملازمین اور پینشنرز کو ادائیگی کے کیس کی سماعت جسٹس منیب اختر کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے کی۔
دوران سماعت عدالتی حکم پر بنائی گئی کمیٹی نے اپنی رپورٹ پیش کی، جس کے مطابق ملازمین کو ہرماہ کی 5 سے 7 تاریخ تک تنخواہوں کی ادائیگی کردی جائیگی۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ ملازمین کو 2 ارب 36 کروڑ روپے کے واجبات ادا کرنے کی حکمت عملی بنائی جا رہی ہے، جس کے لیے حکومت سندھ، کے ایم سی اور ڈیم ایم سیزکی مدد لی جائے گی۔
عدالت نے تمام چیزوں کو قانونی ڈرافٹ کی شکل میں تیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت 9 اکتوبر تک ملتوی کردی۔کے ایم سی اور ڈی ایم سیز کے 58 ہزار ایک سو 48 ملازمین جبکہ 22 ہزار پینشنرز ہیں جنہیں 11 ماہ سے تنخواہیں اور پینشنز ادا نہیں کی گئیں۔