بلدیہ عظمیٰ کی عدم دلچسپی کے باعث سی این جی بسوں کی بحالی تاحال نہ ہوسکی

Buses

Buses

کراچی (جیوڈیسک) بلدیہ عظمیٰ کراچی کی عدم دلچسپی کے باعث سی این جی بسوں کی بحالی کا منصوبہ کھٹائی کا شکار ہو گیا ہے، سیپرا نے ٹھیکیداری نظام پر اعتراض کرتے ہوئے سی این جی بس سروس پبلک پرائیوٹ پارٹنر شپ کے تحت چلانے کیلیے ہدایات جاری کردیں۔

بلدیہ عظمیٰ کراچی قانونی پیچیدگیوں کے باعث سیپرا کی ہدایت پر عملدرآمد کرنے سے قاصر ہے، تفصیلات کے مطابق بلدیہ عظمیٰ کراچی نے ڈھائی ماہ قبل 36 سی این جی بسیں مرمت کردی تھیں تاہم مختلف وجوہ کی بنیاد پر عوام کیلیے ابھی تک بس سروس شروع نہیں کی جاسکی ہے۔

صوبائی حکومت کی جانب سے رمضان میں بس سروس شروع کرنے کا اعلان کیا گیا تھا، منصوبے کے افتتاح کے لیے صوبائی حکومت نے اہم سیاسی شخصیت سے رابطے کیا جس کی تگ ودو ابھی تک جاری ہے جبکہ سیپرا نے بھی بس منصوبے کے کنٹریکٹ پر تحفظات جاری کرتے ہوئے اسے پبلک پرائیوٹ پارٹنر شپ بنیادوں پر چلانے کیلئے ہدایت جاری کی ہے۔

ذرائع کے مطابق بلدیہ عظمیٰ کراچی قانونی پیچیدگیوں کی وجہ سے سیپرا کی ہدایت پر عمل پیرا سے قاصر ہے، ماضی میں بھی یہ منصوبہ ٹھیکیداری نظام کے تحت پرائیوٹ کمپنی کو سونپا گیا تھا، ذرائع نے بتایا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے اعلیٰ حکام کو اس منصوبے میں اب دلچسپی نہیں رہی، سیپرا کا اعتراض باآسانی قانونی طریقے سے دور کیا جاسکتا ہے۔

لیکن بلدیہ عظمیٰ کراچی کے حکام کی عدم دلچسپی کے باعث یہ منصوبہ کھٹائی کا شکار ہوگیا ہے، واضح رہے کہ 71 سی این جی بسیں دو سال سے سرجانی بس ڈپو پر خراب پڑی تھیں، سندھ حکومت کی جانب سے بسوں کی مرمت کیلیے چار کروڑ روپے فنڈز کے اجرا کے بعد بلدیہ عظمیٰ کراچی نے 36 سی این جی بسوں کی مرمت کا کام ڈھائی ماہ قبل مکمل کیا جبکہ بقیہ 35بسیں ابھی تک مرمت نہیں کی جاسکی ہیں۔

بلدیہ عظمیٰ کراچی نے اعلان کیا تھا کہ 36 بسیں عوام کی سہولت کیلیے قائد آباد تا ٹاور چلائی جائیں گی تاہم ڈھائی ماہ گذر جانے کے باوجود ابھی تک نہیں چلائی جاسکیں، یہ بسیں سرجانی بس ڈپو میں کھڑی ہیں اور تقریباً تمام بسوں کی بیٹریاں خراب ہوچکی ہیں۔

بسوں کو اسٹارٹ کرنے کیلئے دھکا لگانے کی ضرورت پڑتی ہے، ذرائع نے بتایا کہ بسوں کو اگر مسلسل چلایا نہ جائے تو ان کی بیٹریاں اور ٹائر ٹیوب خراب ہوجاتے ہیں، ابھی صرف بیٹریاں خراب ہوئی ہیں، اگر بس سروس فوری بحال نہ کی گئی تو بے کار کھڑے رہنے سے بسوںکے ٹائر ٹیوب بھی خراب ہوجائیں گے۔