لندن (اصل میڈیا ڈیسک) برطانوی دارالحکومت کے مشہور مقام لندن برج کے قریب چاقو کے حملوں میں کئی افراد کے زخمی ہونے کا بتایا گیا ہے۔ پولیس نے اس واقعے کے بعد علاقے کو اپنے حصار میں لے کر لندن برج بند کر دیا ہے۔
لندن میٹرو پولیٹن پولیس کے ایک افسر کے مطابق جمعہ انتیس نومبر کو کیے گئے ان حملوں کے بعد پولیس کو ہنگامی طور پر طلب کیا گیا۔ چاقو سے حملے مقامی وقت کے مطابق تقریباً دو بجے دوپہر کیے گئے۔
پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر ایک حملہ آور کو حراست میں لے لیا ہے۔ لندن پولیس کے ایک افسر نے متعدد افراد کے زخمی ہونے کا بتایا ہے جبکہ مقامی ذرائع ابلاغ زخمیوں کی تعداد پانچ بتا رہے ہیں۔ ایسی خبریں بھی سامنے آئی ہیں کہ یہ واقعہ آپسی جھگڑے کا نتیجہ ہے۔
امدادی کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ لندن ایمبیولینس سروس بھی واردات کے مقام پر پہنچ چکی ہے۔ اس سروس نے اسے ایک بڑے واقعے سے تعبیر کیا ہے۔
سکائی نیوز ٹیلی وژن چینل نے عینی شاہدین کے حوالے سے رپورٹ کیا کہ لندن برج میں گولیاں چلنے کی آوازیں بھی سنائی دی تھیں۔ ٹی وی چینل کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ پولیس نے موقع پر پہنچ کر مبینہ حملہ آور کو گولی مار دی ہے۔
برطانوی نشریاتی ادارے کے نمائندے نے بتایا کے اُس نے بعض افراد کو گتھم گتھا ہوتے دیکھا تو محسوس کیا کہ یہ آپس کی لڑائی ہے لیکن بعد کی رپورٹوں سے معلوم ہوا کہ چاقو کے حملے تھے۔