سیلاب متاثرہ سکول و کالجز کے لیے پونے 8 ارب درکار

School

School

لاہور (جیوڈیسک) پنجاب میں سیلاب و ہنگامی صورتحال کے موقع پر حکومتی سطح پرتعلیمی نظام کو جاری رکھنے کے حوالے سے کوئی انتظامات نہ کرنے کے باعث تعلیمی نظام درہم برہم ہوکر رہ گیا،سیلاب کے باعث 21 لاکھ سے زائد بچوں کی پڑھائی متاثر ہوئی ہے ۔پنجاب کے 11 اضلاع میں 1954 سکول اور 51 سے زائد کالجز متاثر ہوئے، ان سکولز و کالجز کی بحالی کیلئے سرکار کو 7 ارب 80 کروڑ روپے سے زائد درکارہوں گے ۔محکمہ تعلیم نے ابتدائی تخمینہ لگانے کے لئے اقدامات شروع کر دئیے جبکہ اب تک سیلاب سے متاثر ہونیوالے سکولوں کی تفصیلی رپورٹ سے اعلی حکام کو آگاہ کر دیا گیا ہے جس میں بتایا گیا کہ سب سے زیادہ جھنگ میں 426 سکولز متاثر ہوئے جبکہ کئی کالجز کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔

شیخوپورہ 250 سے زائد، سیالکوٹ 178، چنیوٹ 143، نارووال 80، حافظ آباد 160 او ردیگر کئی اضلاع میں متعدد سکولز کو شدید نقصان پہنچا ہے اور کئی سکولز ختم ہو گئے ہیں،یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ بعض سکولز ایسے بھی تھے جن کی عمارتوں کو خطرناک قرار دیا گیا اور ان کی دوبارہ تعمیر کیلئے اقدامات کرنے کیلئے درخواست کی گئی تھی۔

حکومت کو ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرنے کے لئے ان سکولز و کالجز کی بحالی کے لئے فوری طورپر 5ارب روپے جاری کرنا ہوں گے تاکہ لاکھوں طلبااپنی تعلیم کو جاری رکھ سکیں۔ اس حوالے سے محکمہ تعلیم حکام کا کہنا ہے کہ 2 ہزار کے قریب سکولز متاثر ہوئے ہیں، اعلیٰ حکام کو آگاہ کر دیا گیا ہے تاکہ وہ لاکھوں طلبا کی تعلیم جاری رکھنے کیلئے اقدامات کریں۔