اسلام آباد (جیوڈیسک) غداری کیس میں پرویز مشرف کے وکیل اور ایم کیو ایم کے سینیٹر بیرسٹر فروغ نسیم کا کہنا ہے کہ انہیں اس بات کا کوئی علم نہیں کہ الطاف حسین سابق صدر کو بچانے پاکستان آرہے ہیں۔ سنگین غداری کیس کی سماعت کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے بیرسٹر فروغ نسیم کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین پاکستان سے دور رہ کر بھی وطن سے محبت کرتے ہیں، ان کے پاکستان آنے کا علم نہیں اور انہیں یہ بھی نہیں معلوم کہ الطاف حسین پرویز مشرف کو بچانے پاکستان آ رہے ہیں، اگر انہوں نے وطن واپس آنے کا فیصلہ کیا تو کارکن سیکیورٹی کی بنا پر نہ آنے کا مشورہ دیں گے۔
فروغ نسیم نے کہا کہ سنگین غداری کیس میں دلائل کے دوران اکرم شیخ کو الطاف حسین سے متعلق بات نہیں کرنی چاہیئے تھی، الطاف حسین تو اکرم شیخ سے متعلق اچھے جذبات رکھتے ہیں، اگلی سماعت کے دوران اپنی باری پر وہ الطاف حسین کا نام لینے پر ضرور بات کریں گے۔