گجرات (علامہ قیصر قادری) معرفت الہی اور محبت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا پیغام ہر جگہ پہنچانا ہمارا مشن ہے، رسول پاک صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے سپاہی اور امن وروحانیت کی داعی ہیں، ملک وملت کیخلاف شازشی عناصر نہ کل کامیاب ہوئے ہیں نہ آئندہ ہونگے: ان خیالات کا اظہار صاحبزادہ پیر عثمان افضل قادری ذیب سجادہ نیک آباد (مراڑیاں شریف) نے خوجیانوالی میں عظیم الشان دینی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر غلامان رسول بہت بڑی تعداد میں شریک تھے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اپنے خالق حقیقی اللہ رب العالمین کو نہ پہنچاننے والے اور نبی کریم رحمة للعالمین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے سچی محبت نہ رکھنے والے بے چین وبے قرار رہتے ہیں، جبکہ اللہ کے ذکر سے دلوں کو چین اور محبت رسول سے سکون نصیب ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دینی تعلیمات کو عام کرنے، عدل وانصاف کے فروغ، باحیا اور پرامن معاشرے کی تخلیق، حقوق کی ادائیگی، امانت ودیانت اور رحمدلی کو پھیلانے، چوری رہزنی قتل وغارت اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے مل کر کوششیں کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ حسد، غیبت اور ظلم جیسی روحانی بیماریاں نیکیوں کو ختم کر ڈالتی ہیں اور معاشرہ میں خرابی کا باعث بنتی ہیں لہذا روحانی بیماریوں کا علاج ضروری ہے تاکہ روح اور روحانیت مضبوط ہوجائے۔