کراچی : حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے کہاکہ جہالت کے خاتمے کے لئے جنگی بنیادوں پر اقدامات کی ضرورت ہے ملک سے غربت ،بھوک و افلاس اور دہشت گردی و لاقانونیت سے پاک معاشرے کے قیام کے لئے جہالت کا خاتمہ کرنا ہوگا۔
وفاقی اور صوبائی حکومتیں علم کے فروغ اور دوہرے تعلیمی معیار کے خاتمے کے ساتھ تعلیمی بجٹ میں خاطر خواہ اضافہ کریں ان خیالات کا اظہار حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے شاہ فیصل کالونی کے علاقے ابراہیم ولاز فیز ون میں عائشہ اسکول آف لرننگ سینٹر کے پہلے سالانہ تقسیم اسناد و انعامات کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر طلباء و طالبات اور والدین کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے طلباء و طالبات سے کہاکہ وہ مستقبل کے معمار ہیں تابنا ک مستقبل کے لئے آپ کو تمام تر توجہ اپنے تعلیم کے حصول پر مرکوز رکھنا ہوگی انہوں نے طالب علموں پر زور دیا کہ وہ علم کو اپنا ہتھیار بنا لیں جدید دور میں علم وہ واحد ہتھیار ہے جس کے ذریعے ہم دنیا کا مقابلہ کرسکتے ہیں۔
نشاط ضیاء قادری نے کہاکہ تعلیم کے فروغ میں سب سے بڑی رکاوٹ وڈیرانہ اور جاگیر درآنہ نظام ہے جس کی وجہ سے بچوں خصوصاً خواتین اور بچیوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ ہونے سے روکا جاتا ہے حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے کہاکہ علم کے فروغ کے حوالے سے نجی تعلیمی اداروں کا کردار مثالی ہے انہوں نے نجی تعلیمی اداروں کی انتظامیہ سے کہاکہ وہ غریب اور متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والے بچوں کو اپنے اسکولوں میں خصوصی خیال رکھیں۔
ان کے لئے پرائیویٹ اسکول خصوصی کوٹہ مقررکریں تاکہ والدین پر اپنے بچوں کو علم کے حصول کے حوالے سے بوجھ نہ پڑے اور با آسانی اپنے بچوں کو تعلیم کا حصول ممکن بنا سکیں تقریب کے اختتام پر حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے اسکول کے ایڈمنسٹریٹر سر طاہر کے ہمراہ سالانہ امتحان میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے اسکول کے طلباء و طالبات میں اسناد اور انعامات تقسیم کئے۔