ہنگو (جیوڈیسک) کوہاٹ اور ہنگو میں سیکیورٹی فورسز پر شدت پسندوں کے حملوں میں 2 اہلکار شہید 29 زخمی ہوگئے۔ پشاور میں نامعلوم افراد نے پولیس موبائل پر فائرنگ کی تاہم جانی نقصان نہیں ہوا۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق کوہاٹ اور شمالی وزیرستان کی سرحد پر چیک پوسٹ پر حملہ رات دو بجے کے قریب ہوا، دہشت گردوں نے بلند خیل میں چیک پوسٹ پر بھاری ہتھیاروں سے حملہ کیا۔ حملے میں 2 اہلکار شہید اور 25 زخمی ہوگئے۔ فورسز نے بھرپور جوابی کارروائی کی۔
جس میں 18 دہشت گرد مارے گئے۔ زخمی اہلکاروں اور لاشوں کو سی ایم ایچ ٹل منتقل کر دیا گیا۔ ہنگو کے علاقے دو آبہ میں ایف سی کی گاڑی پر بم حملہ کیا گیا، بم موٹر سائیکل میں نصب کیا گیا تھا حملے میں 4 اہلکار زخمی ہوئے جنہیں سی ایم ایچ ٹل منتقل کیا گیا۔ پشاور کے علاقے متنی میں شر پسندوں نے پولیس موبائل پر سحری کے وقت فائرنگ کی۔ پولیس کی جوابی فائرنگ سے حملہ آور فرار ہوگئے۔ واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔