کوہاٹ: دوسرے روز بھی کرفیو، تمام پرچے منسوخ، فوج کا گشت جاری

Kohat

Kohat

کوہاٹ (جیوڈیسک) کوہاٹ میں کشیدہ صورتحال کے پیش نظر دوسرے روز بھی کرفیو جاری ہے، شہر میں کرفیو اٹھانے کا فیصلہ جگہ کچھ دیر میں کرے گا، جاں بحق ہونیوالوں کی نماز جنازہ 2 بجے ادا کی جاے گی۔

کوہاٹ میں دو گروپوں کے درمیان تصادم کے بعد حالات کشیدہ ہونے کی وجہ سے کرفیو نافذ کر دیا گیا ، صورتحال کے پیش نظر کوہاٹ میں تعلیمی بورڈ کے تحت ہونیوالے تمام پرچے منسوخ کر دیئے گئے ہیں۔

یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کوہاٹ بھی غیر معینہ مدت تک بند کر دی گئی ہے۔امن و امان برقرار رکھنے کے لئے پولیس کی بھاری نفری شہر کے مختلف مقامات پر تعینات ہے۔ شہر کے مختلف حصوں میں فوج کی پٹرولنگ بھی جاری ہے، کرفیو کے باعث علاقے میں معمولات زندگی معطل ہیں۔

دوسری جانب گزشتہ روز ڈپٹی کمشنر امجد علی خان کے دفتر میں علمائے کرام کا اجلاس ہوا جس میں امن و امان کی بحالی کے لئے چھبیس رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی۔ کرفیو کے خاتمے یا توسیع کے حوالے سے لائحہ عمل گرینڈ جرگہ کچھ دیر میں طے کرے گا۔

گذشتہ روز کشیدگی میں جاں بحق ہونیوالے دو پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ 2 بجے سرگل کے علاقے میں ادا کی جائے گی جبکہ دیگر دو افراد کی نماز جنازہ کے حوالے سے تاحال کوئی فیصلہ نہیں کیا جا سکا ہے۔