لاہور (جیوڈیسک) وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ نے اپوزیشن کو چیلنج کر دیا، کہتے ہیں نواز شریف کو روک سکتے ہو تو روک لو آج استعفیٰ دینے کا آخری دن ہے، آصف زرداری پر بھی تنقید کے خوب نشتر چلائے۔
رانا ثناء اللہ کہتے ہیں کبھی ایک دھرنا، کبھی دوسرا، کبھی ایک ڈیڈ لائن، کبھی دوسری ڈیڈ لائن، کبھی استعفوں تو کبھی اسمبلیاں توڑنے کی دھمکی جس نے استعفیٰ دینا ہے، آج دیدے، آج استعفے دینے کا آخری دن ہے۔
وزیر قانون بولے آصف علی زرداری بلوچستان میں سینیٹ کی ایک یا دو سیٹیں خریدیں گے، وہ بلوچستان حکومت گرانے کا پس پردہ قوتوں کا کریڈٹ نہیں لے سکتے۔ انہوں نے کہا کہ زرداری بھی کمال کے آدمی ہیں، کبھی کسی کو دھمکی دیتے ہیں تو کبھی جمہوریت کی اینٹ سے اینٹ بجانے لگتے ہیں۔
رانا ثناء اللہ نے عمران خان کو بھی خوب ہدف تنقید بنایا، بولے پہلے چلے والی نے خود کو تباہ کیا، پھر عمران خان کو راندہ درگاہ کر دیا، چلے والی سیاست ناکام ہو گئی۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ عمران خان نہ کوہاٹ گئے، نہ مردان، نہ قصور، لیکن کراچی سیاست کے لئے پہنچے، کے پی میں جو قتل ہوئے ان پر تعزیت کے لئے کیوں نہیں گئے؟ رانا ثناء اللہ نے اپنے حریف ڈاکٹر طاہر القادری کی بھی تعریف کی، کنے لگے طاہر القادری باخبر آدمی ہیں، انہوں نے حالات کو بھانپتے ہوئے احتجاجی سیاست کو مؤخر کر دیا ہے۔