لاہور (جیوڈیسک) کرکٹ پنڈت ابھی تک اس بحث میں ہیں کہ موجودہ دور کا بہترین کرکٹر کون ہے؟ لیکن قومی فاسٹ باؤلر محمد عامر نے ویرات کوہلی کو دنیا کا بہترین بیٹسمین قرار دیدیا ہے۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر کے ذریعے ایک مداح نے ان سے سوال کیا کہ ان کے نزدیک ویرات کوہلی، جوئے روٹ، کین ویلمسن اور سٹیو سمتھ میں سب سے بہترین بلے باز کون ہے؟ اس کا جواب دیتے ہوئے قومی بلے باز نے انڈین کپتان ویرات کوہلی کا نام لیا۔
محمد عامر نے اس ٹویٹ کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ یہ تمام کھلاڑی بہترین ہیں تاہم وہ ذاتی طور پر ویرات کوہلی کو سب سے اچھا سمجھتے ہیں۔
ایک مداح نے سوال کیا کہ چیمپئنز ٹرافی فائنل میں آپ کا سب سے بہترین لمحہ کیا تھا۔ اس کا جواب دیتے ہوئے محمد عامر نے کہا کہ الحمدللہ میرا پہلا سپیل۔ ایک اور صارف نے پوچھا کہ آپ کا اب تک کا سب سے یادگار سپیل کون سا ہے؟ اس کے جواب میں قومی فاسٹ باؤلر نے کہا کہ بہت سے ہیں لیکن اگر میں ان منتخب کروں تو 2016ء میں بھارت کیخلاف ایشیاء کپ میں میرا سپیل بہترین تھا۔