کراچی (اسپورٹس رپورٹر) کالونی اسپورٹس فٹ بال کلب کے زیر اہتمام نیشنل بنک کے اشتراک سے کالونی اسپورٹس کمپلیکس ملیر میں جاری آٹھواں آل پاکستان نیشنل بنک فٹ بال ٹورنامنٹ میں مزید دو میچوں کے فیصلے ہوگئے ٹورنامنٹ میں کھیلے گئے پہلے میچ میں فرنٹیر سٹی ڈسٹرکٹ ویسٹ نے مد مقبال یونائٹیڈ فٹ بال کلب کو 5-0کے مارجن سے شکست دیدی۔
فاتح ٹیم کی جانب سے سر زمین خان نے 3جبکہ فاروق جونیئر اور امجد سنیئر نے ایک ایک گول اسکور کئے ۔کھیلے گئے دوسرے میچ میں محمدی اسپورٹس میمن گوٹھ نے ایک سخت اور دلچسپ مقابلے کے بعد مضبوط ٹیم الشہباز کورنگی کو 2-0سے زیر کرتے ہوئے اگلے مرحلے کے لئے لوالیفائی کرلیا میچ سے قبل ماری پور گریس کے روح رواں عبداللہ جوش مرحوم کی یاد میں فاتحہ خوانی کی گئی۔
کھیل کے دوران محمدی اسپورٹس کی جانب سے کریم بخش نے 30ویں منٹ میں جبکہ محبوب عالم نے 62ویں منٹ میں گول اسکور کئے الشہباز کورنگی نے کئی یقینی گول کرنے کے مواقع ضائع کردیئے جبکہ دوران کھیل ریفری عبدالغفور بلوچ نے محمد ی اسپورٹس کے کھلاڑی شوکت علی کو ریڈ کارڈ کا سامنا کراتے ہوئے گرائونڈ بدر کردیا۔
ٹورنامنٹ آرگنائزنگ سیکریٹری ضمیر السلام کے اعلامیہ کے مطابق آج بغداد اسپورٹس کا مقابلہ شاہین اسپورٹس سے ہوگا ۔ٹورنامنٹ میں کھیلے گئے ان میچوں میں ریفری کے فرائض خالد ممتاز جمی،انیس اختر،نصیر عمربلوچ اور سراج الدین طالب نے انجام دیئے جبکہ فورتھ ریفری فہیم صدیقی اور میچ کمشنر نصیر عمر،منور خان اور میڈیا کوراڈینٹر شیر افضل تھے۔