لندن (جیوڈیسک) متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کراچی کے علاقے کورنگی نمبر 5 آرمی کے ٹرک پر ہونے والے میں بم دھماکے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور اسے کھلی دہشت گردی اور انتہائی بزدلانہ اقدام قراردیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ دھماکے میں ملوث دہشت گردوں کو گرفتار کیا جائے۔ ایک بیان میں الطاف حسین نے کہاکہ دہشت گرد کراچی میں بم دھماکے کر کے معصوم شہریوں کوخاک وخون میں نہلارہے ہیں جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ الطاف حسین نے دھماکے میں شہید ہونیوالے شہری اور فوجی جوانوں کے لواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں صبر کی تلقین کی اور زخمیوں کی جلد و مکمل صحت یابی کیلئے دعا کی۔
الطا ف حسین نے صدرآصف علی زرداری، وزیراعظم نواز شریف، وزیرداخلہ چوہدری نثار علی، گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد اور وزیراعلی قائم علی شاہ سے مطالبہ کیا کہ کورنگی میں بم دھماکے کا نوٹس لیا جائے اور دھماکے میں ملوث دہشت گردوں کو گرفتار کر کے عبرتناک سزادی جائے۔ دریں اثنا الطاف حسین نے رابطہ کمیٹی کے رکن ڈاکٹر صغیر احمد کو فون کر کے ان کے والد اکرام الدین احمد جمالوی کے انتقال پر تعزیت کی۔ الطاف حسین نے ڈاکٹر صغیر احمد سے کہا کہ والدین، نعمت خداوندی ہوتے ہیں۔ وہ خواہ کتنے ہی ضعیف کیوں نہ ہو جائیں ان کی موجودگی ہی بہت بڑا سہارا ہوتی ہے اور ان کی دعائیں ہر مشکل اور آزمائش سے نمٹنے میں تقویت اور سہارا فراہم کرتی ہیں۔
الطاف حسین نے ڈاکٹر صغیر سے کہا کہ مجھے آپ اور آپ کے اہل خانہ کے دکھ کا احساس ہے، میں اور تحریک کے تمام ساتھی دعا گو ہیں کہ اللہ تعالی آپ کو اس غم کو برداشت کرنے کا حوصلہ دے اور مرحوم کو اپنی جوار رحمت میں بلندمرتبہ عطا فرمائے ۔(آمین)۔