کراچی : چیئرمین بلدیہ کورنگی سید نیئر رضا نے کہا کہ 100 روزہ عوامی خدمت مہم کے دوران بلدیہ کورنگی جہاں تعمیر و ترقی اور عوام کو بنیادی بلدیاتی مسائل سے نجات دلا نے کے لئے عملی اقدامات کررہی ہے وہیں اپنے زیر انتظام اسکولوں کی عمارت کی بہتری اساتذہ اور طلباء و طالبات کو سہولیات کی فراہمی کے ساتھ تعلیمی معیار کو بہتر بنا نے کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں پہلے مرحلے میں شاہ فیصل ،ملیر ماڈل کالونی ،کورنگی اور لانڈھی زون کے ایک ایک اسکولوںکو ماڈل درسگاہ بنا یا جائیگا۔
اس حوالے 100روزہ پلان کے تحت کام کا آغاز کردیا گیا ہے ان خیالات کا اظہار چیئر مین بلدیہ کورنگی سید نیئر رضا نے ملیر ماڈل کالونی زون میں بلدیہ کورنگی کے زیر انتظام اسکولوں کے دورے کے موقع پر اسکولوں میں سہولتوں ،اساتذہ اور طلبہ کی حاضری کا معائنہ کرتے ہوئے کیا اس موقع پر محکمہ تعلیم بلدیہ کورنگی کے افسران بھی ان کے ہمراہ موجود تھے چیئر مین بلدیہ کورنگی سید نیئر رضا نے کہاکہ تعلیمی ماحول اور معیار کی بہتر ی پر کسی بھی قسم کا کوئی کمپرومائز نہیں کیا جائیگا بلدیہ کورنگی کے زیر انتظام اسکولوں میں ماحول اور تعلیمی معیار کی بہتری ہماری اولین ترجیحی ہے اساتذہ خود اپنی حاضری کو یقینی بنا نے کے ساتھ طلباء و طالبات کی روزانہ حاضری کو یقینی بنا ئیں انہوں نے اساتذہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ مستقبل کے معماروں کی تربیت آپ کے ہاتھ میں لہذا آپ پر ذمہ داری ہے کہ اپنے فرائض کو نیک نیتی کے ساتھ احسن طریقے سے انجام دیتے ہوئے بچوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کریں یہ فرائض کے ساتھ عبادت کا درجہ بھی رکھتی ہے چیئر مین بلدیہ کورنگی سید نیئر رضا نے کہاکہ بلدیہ کورنگی کے زیر انتظام اسکولوں میں ماحول اور تعلیمی معیار کو بہتر بنا کر سرکاری اور نجی اسکولوں کی تفریق کا خاتمہ بنا یا جائیگا انہوں نے کہاکہ 100روزہ مہم کے دوران پہلے مرحلے میں ہر زون میں ایک اسکولوں کو ماڈل بنایا جائیگا اور بتدریج بلدیہ کورنگی کے تمام اسکولوں کو ماڈل درسگاہ میں تبدیل کیا جائیگا انہوں نے ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے افسران اور اساتذہ سے بھی درخواست کی وہ اس مثالی اقدامات میں اپنی کاوشوں کو برائے کار لائیں۔