کراچی : ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی عبدالراشد خان نے بلدیہ عالیہ کورنگی کے تمام محکموں کے افسران کو ہدایت کی ہے کہ علاقائی ترقی اور بنیادی مسائل سے عوام کو چھٹکارہ دلا نے کے لئے محکمانہ کار کردگی کو بہتر بنا کر مسائل سے پاک معاشرے کا قیام یقینی بنا ئی جائے۔
ضلع کورنگی کی حدود میں صفائی وستھرائی اور صحت مند ماحول کا قیام ہماری اولین ترجیح ہے عوام کے باہمی تعاون سے ضلع کورنگی کو مسائل سے پاک اور شہر کراچی کا مثالی بنا یا جائیگا ان خیالات کا اظہار ایدمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی عبدالراشد خان نے میونسپل کمشنر مسرور احمد میمن کے ہمراہ شاہ فیصل ،کورنگی اور لانڈھی زونز کا تفصیلی دورہ کرکے صفائی وستھرائی اور بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے جاری انتظامات کا معائنہ کرتے ہوئے کیا اس موقع پر تمام زونز کے متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔
ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی عبدالراشد خان نے علاقائی سطح پر صفائی وستھرائی کے نظام پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ علاقائی سطح پر سیوریج مسائل سے عوام کو چھٹکارہ دلانے اور صحت مند ماحول کے قیام کے لئے واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے باہمی تعاون کے ذریعے نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنا یا جائے اس موقع پر میونسپل کمشنر مسرور احمد میمن نے بلدیہ کورنگی کے افسران کو ہدایت کی کہ علاقائی ترقی اور علاقائی سطح پر عوام کو درپیش مسائل کے فوری تدارک کے لئے شکایتی مراکز کو فعال اور شکایات کے بروقت ازالے کے لئے تمام تر محکمانہ کاوشوں کو بروئے کار لایا جائے
گلیوں اور محلوں کے سطح پر صفائی وستھرائی کے انتظامات بہتر بنا نے کے ساتھ بازاروں اور شاپنگ سینٹروں کے اطراف صفائی وستھرائی اور صحت مند ماحول کا قیام یقینی بنا یا جائے۔ دورے کے موقع پر مختلف علاقوں میں عوام سے شکایات سننے کے بعد ایڈمنسٹریٹر اور میونسپل کمشنر بلدیہ کورنگی نے متعلقہ افسران سے شکایات کے فوری ازالے کے احکامات صادر کئے۔