سرسبز کورنگی کے حوالے سے ڈی ایم سی کورنگی کا ضلع میں سرسبز ماحول کو عوامی تعاون سے فروغ دینے کا اعلان

کراچی: رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے کہا کہ بلدیاتی افسران صاف ستھرا اور صحت مند ماحول کے حوالے سے اقدامات کریں علاقائی ترقی و خوبصورتی اور عوام کو مسائل سے چھٹکارہ دلانے کے لئے محکمانہ کاوشوں کو بروئے کار لا کر مسائل سے پاک معاشرے کا قیام یقینی بنایا جائے ان خیالات کا اظہار حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی غلام رسول اور متعلقہ افسران کے ہمراہ شاہ فیصل زون کے مختلف فیملی پارکوں پر عوامی سہولیات کی فراہمی کا جائزہ لیتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر انہوں نے عید گاہ ماڈل فیملی پارک پر جاری تعمیراتی کاموں کا معائنہ کرتے ہوئے تعمیراتی کاموں کی جلد ازجلد تکمیل کرکے اسے عوام کے لئے کھولنے کی ہدایت کی اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی غلام رسول نے رکن صوبائی اسمبلی کو یقین دلایا کہ مارچ کے پہلے ہفتے میں عید گاہ ماڈل فیملی پارک کو عوام کے لئے کھول دیا جائے ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی غلام رسول نے کہاکہ ڈی ایم سی کورنگی میں جاری صفائی مہم کے ساتھ سرسبز ماحول کے قیام کے حوالے سے بھی اقدامات تیزی کے ساتھ جاری ہیں ایڈمنسٹریٹر ڈی ایم سی کورنگی غلام رسول نے کہا کہ “سرسبز کورنگی “کے حوالے سے ضلع کورنگی میں عوامی تعاون کے ذریعے سرسبز ماحول کو فروغ دیا جائے گا۔

شاہ فیصل، کورنگی اور لانڈھی زون کے افسران کو ہدایت کرتے ہوئے ایڈمنسٹریٹر غلام رسول نے کہا کہ فیملی پارکوں، گرین بیلٹوں، چورنگیوں اور چوراہوں سمیت سڑکوں کے سنٹرل آئی لینڈ پر سرسبز ماحول کا قیام یقینی بنایا جائے ایڈمنسٹریٹر غلام رسول نے افسران و ملازمین کو ہدایت کی کہ وہ محکمانہ کار کردگی کو بہتر بنا ئیں اور عوامی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے جاری انتظامات کو تندہی کے ساتھ انجام دیں اس موقع پر انہوں نے کہا کہ عوام کو سہولیات کی فراہمی کے ساتھ علاقائی ترقی اور خوبصورتی کے حوالے سے بھی اقدامات کئے جائیں فیملی پارکوں، کھیل کے میدانوں گرین بیلٹوں،چورنگیوں اور چوراہوں پر سرسبز ماحول کے ساتھ روشنی کے انتظامات کی بہتری کو یقینی بنایا جائے۔