کراچی : ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی قرة العین میمن کی خصوصی ہدایت پر ضلع کورنگی میں انسداد ڈینگی کے حوالے سے قبل ازوقت مہم کا آغاز کردیا گیا ،مہم کا مقصد ڈینگی مچھروں کی افزائش کو روکنا اور عوامی زندگیوں کو ڈینگی کے اثرات سے محفوظ بنانا ہے پہلے مرحلے میں شاہ فیصل زون میں انسداد ڈینگی مہم کے سلسلے میں جراثیم کش ادویات کے اسپرے مہم کا آغاز کرتے ہوئے میونسپل کمشنر بلدیہ کورنگی عمران اسلم نے کہاکہ بلدیہ کورنگی کی جانب سے قبل ازوقت انسداد ڈینگی مہم کا مقصد عوامی زندگیوں کو محفوظ بنا کر ضلع کورنگی میں صحت مند ماحول کو فروغ دینا ہے۔
انہوں نے محکمہ ہیلتھ سروسز بلدیہ کورنگی کو ہدایت کی کہ انسداد ڈینگی مہم کے حوالے سے جراثیم کش ادویات کے اسپرے کے ساتھ ڈینگی سے کی افزائش کو روکنے اور عوامی زندگیوں کو محفوظ بنا نے کے حوالے سے احتیاطی تدابیر کے حوالے سے عوامی شعور کی آگاہی مہم چلا ئی جائے شاہ فیصل زون میں انسداد ڈینگی مہم کے آغاز کے موقع پر ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز رفیق شیخ ،ڈپٹی ڈائریکٹر اسلم پرویز اور دیگر بھی موجود تھے۔
میونسپل کمشنر عمران اسلم نے کہاکہ ضلع کورنگی میں صاف ستھرا اور صحت مند ماحول بلدیہ کورنگی کی اولین ترجیح ہے عوامی تعاون کے ذریعے ضلع میں صاف ستھرے ماحول کے نظام میں مزید بہتری لاکر صحت مند معاشرے کا قیام یقینی بنایا جائیگا ۔میونسپل کمشنر بلدیہ کورنگی عمران اسلم نے عوام سے سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے محلے اور گلیوں کو صاف ستھرا رکھیں مکھی مچھروں کی افزائش کو روکنے کے لئے اقدامات میں بلدیہ کورنگی سے تعاون کریں اور ڈینگی سے بچائو کے حوالے سے احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد کیا جائے۔