بلدیہ کورنگی کا وال چاکنگ کرنے والوں کے خلاف قانونی کاروائی کا اعلان

Wall Chalking Against Action

Wall Chalking Against Action

کراچی: بلدیہ کورنگی کے تحت شاہ فیصل زون کی اہم شاہراہوں ،فلائی اوورز اور اور ہیڈ برج سے وال چاکنگ کے خاتمے کے حوالے سے مہم کو مزید تیز کردیا گیا بلدیہ کورنگی نے وال چاکنگ پر عائد پابندی کے خلاف سختی سے عمل درآمد کرتے ہوئے وال چاکنگ کرنے والوں کے خلاف قانونی کاروائی کا اعلان کردیا۔

ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی عبدالراشد خان نے سیاسی و مذہبی جماعتوں اور تمام مصنوعات کی تشہیر کرنے والی کمپنیز سے درخواست کی ہے کہ وہ شہر کی دیواروں پر سیاسی نعروں اور اپنے مصنوعات کی تشہیر سے گریز کریں اور شہر کو صاف ستھرا اور خوبصورت بنا نے میں بلدیاتی اداروں سے تعاون کریں ان خیالات کا اظہار ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی عبدالراشد خان نے شاہ فیصل کالونی کی مختلف شاہراہوں ،شاہ فیصل فلائی اوورز ،ملیر ریو برج سمیت مختلف علاقوں کا دورہ کرکے شاہ فیصل زون کے تحت وال چاکنگ کے خاتمے کے حوالے سے جاری مہم کا معائنہ کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر شاہ فیصل زون کے فوکل پرسن طلعت محمود اور دیگر بھی موجود تھے ۔ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی عبدالراشد خان نے متعلقہ محکموں کے ہدایت کی کہ شاہراہوں سے تجاوزات وال چاکنگ کے خاتمے کے ساتھ شاہراہوں پر آویزاں بوسیدہ بینرز کو اتارنے کے حوالے سے مہم کو تیز کرکے علاقائی خوبصورتی میں اضافے کے حوالے سے اقدامات کئے جائیں۔

اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی عبدالراشد خان نے ضلع کورنگی کی عوام سے اپیل کی کہ وہ علاقائی ترقی ،مسائل سے پاک معاشرے کے قیام اور علاقائی خوبصورتی میں اضافے کے حوالے سے بلدیہ کورنگی کی جانب سے جاری مہم میں ساتھ دیں۔ضلع کورنگی سے مسائل کا خاتمہ اور بلدیاتی سہولیات کی عوام کی دہلیز تک فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے۔