کراچی (اسپورٹس رپورٹر) اُسامہ اسپورٹس فٹ بال کلب اور رحیم محمڈن کے زیر اہتمام ضلع انتظامیہ کورنگی اور بلدیہ کورنگی کے تعاون سے پنجاب گرائونڈ شاہ فیصل کالونی پر جاری پہلا آل کراچی سید نواب شاہ میموریل فٹ بال ٹورنامنٹ میں اے ون اسٹار نے مد مقابل مضبوط حریف نیشنل فائٹر کو پنالٹی ککس پر 5-4سے شکست دیدی ،دوران کھیل مقابلہ ایک ایک گول اسے برابری پر ختم ہوا اے ون اسٹار کے عرفان اور نیشنل فائٹر کے ہارون نے دوران کھیل گول اسکور کئے ۔دوسرے میچ میں ملیر کی معروف نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم سالار ویلفیئر سینٹر نے ایاز الیون کیماڑی کو 5-0کی عبرتناک شکست سے دو چار کردیا۔
کھیل کی خاص بات سالار ویلفیئر سینٹر کے مایہ ناز اسٹرائیکر عبدالحلیم کا نہایت خوبصورت کھیل تھا جنہوں نے ہیٹ ٹرک کے ساتھ 3گول اسکور کئے جبکہ عامر کچھی نے 2گول اسکور کئے ۔اس موقع پر شائقین فٹ بال کے درمیان ڈسٹرکٹ فٹ بال ایسوسی ایشن ملیر کے سیکریٹری شاہد تاج اور ٹورنامنٹ آرگنائزر حاجی محمد الیاس اعوان بھی موجود تھے کھیلے گئے میچوں میں ریفریز کے فرائض سلیم شاہ ،نور وہاب ،پرویز خان اور میر افضل نے انجام دیئے جبکہ میچ کمشنر گل حسن اور اختر ریاض مائیکل اور میڈیا کوارڈینٹر شیر افضل تھے ۔