کراچی : بلدیہ کورنگی کے تحت شاہ فیصل کالونی کے قبرستانوں میں شب برات کے حوالے سے مثالی انتظامات ،شاہ فیصل زون کے تحت قبرستانوں کے باہر عوامی رہنمائی کے لئے قائم کئے گئے استقبالیہ پر عوام کورہنمائی کے ساتھ ٹھنڈے مشروبات سے تواضح کیا گیا ،شب برات پر قبرستانوں میں صحت مند ماحول اور مسائل سے پاک ماھول کے قیام کے لئے مکھی مچھروں اوردیگر حشرات الارض کے خاتمے کے لئے جراثیم کش ادویات کا اسپرے انجام دینے کے ساتھ صفائی وستھرائی اور روشنی کے حوالے سے مثالی انتظامات کئے گئے تھے۔
بلا تعطل بجلی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی کی ہدایت پر شاہ فیصل زون سمیت لانڈھی اور کورنگی زونز میں قائم قبرستانوں میں شب برات کے موقع پر اسٹینڈ بائی جرنیٹر ز نصب کئے گئے تھے ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی نثار سومرو نے ڈائریکٹر ہیلتھ بلدیہ کورنگی رفیق شیخ کے ہمراہ شاہ فیصل ،کورنگی اور لانڈھی زونز میں قائم قبرستانوں کا تفصیلی دورہ کرکے شب برات پر بلدیہ کورنگی کے تحت بلدیاتی انتظامات کا معائنہ کیا۔
اس موقع پر انہوں نے کہاکہ محنتی ،جفا کش اور عوامی خدمات سے سرشاربلدیہ کورنگی کے افسران و ملازمین اور عوام کے تعاون سے رمضان المبارک میں بھی علاقائی سطح پر بلدیاتی مسائل سے پاک ماحول کا قیام یقینی بنا یا جائیگا۔ایڈمنسٹریٹر نثار سومرو نے شب برات پر قبرستانوں اور علاقائی سطح پر مثالی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ محکموں کے افسران و ملازمین کی تعریف کی اور متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ رمضان سے قبل گلیوں اور محلوں کے ساتھ مساجد و امام بارگاہوں کے اطراف بلدیاتی سہولیات کے حوالے سے انتظامات کو فوری طور پر مکمل کیا جائے ۔مکھی اور مچھروں کے خاتمے کے لئے جراثیم کش ادویات کا اسپرے تواتر کے ساتھ انجام دیا جائے۔