کراچی (جیوڈیسک) صوبائی وزیر بلدیات و چیئرمین واٹر بورڈ شرجیل انعام میمن کی ہدایت پر صنعتی علاقوں میں پانی چوروں کے خلاف آپریشن جاری ہے۔ واٹر بورڈ کے ریونیو اور انجینئرنگ (ڈبلیو ٹی ایم) ڈپارٹمنٹ نے مشتر کہ آپریشن کر کے 5 غیر قانونی کنکشنز کاٹ دیے اور سامان ضبط کر لیا۔
بھاری مشینری کے ذریعے زیر زمین خفیہ لائنوںکو اکھاڑ کر پھینک دیا، واضح رہے کہ دونوں محکموں کے متعلقہ افسران اور اسٹاف کا یہ مشترکہ آپریشن جاری رہے گا۔ آپریشن میں سپرنٹنڈنگ انجینئر سعید شیخ، ایگزیکٹیو انجینئر کورنگی صابر علی، ذوالفقار بروہی ڈائریکٹر ٹیکسز ریونیو (لانڈھی کورنگی ) اور ان کے عملہ نے حصہ لیا۔
کریک ڈائون کے دوران فیکٹریوں کے جن میں نو وا لیدر سیکٹر 15 ، پلاٹ نمبر 36 سیکٹر 23 اور سیکٹر 31 میں واقع دو فیکٹریو ں کے 8 انچ اور 24 انچ قطر کی لائن سے حاصل کیے گئے 5 کنکشنز منقطع کردیے جبکہ سورتی ٹیکسٹائل کی انتظامیہ کی جانب سے 24 انچ کی لائن سے 3 انچ کا ناجائز کنکشن لینے کی کو شش کو نا کام بنادیا۔