کورنگی، بیوی و بچے کے سامنے شوہر ندی میں کود گیا

Korangi

Korangi

کراچی (جیوڈیسک) کورنگی صنعتی ایریا کے علاقے کورنگی کاز وے میں نفسیاتی شخص نے اپنی بیوی اور بیٹے کے سامنے ندی میں چھلانگ لگا کر اپنی جان لے لی، پولیس کے مطابق متوفی نفسیات مریض تھا اور وقوع سے قبل کسی پیر کے پاس سے دم کراکر آیا تھا۔ تفصیلات کے مطابق کورنگی صنعتی ایریا تھانے کی حدود کورنگی کاز وے پر رکشے میں سوار شخص اپنی اہلیہ اور بیٹے کے ہمراہ آیا اور وہاں ندی میں چھلانگ لگادی۔

خاتون کے شور شرابے پر ریسکیو اداروں کو طلب کیا گیا اور لگ بھگ ایک گھنٹے کی تگ و دو کے بعد لاش کو نکال لیا گیا۔ ایس ایچ او آفتاب رند کے مطابق جاں بحق شخص کی شناخت فیض محمد ولد مور کے نام سے ہوئی جو کورنگی مہران ٹاؤن کا رہنے والا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ متوفی کے ورثا کا کہنا ہے کہ کچھ عرصے سے اس کا ذہن صحیح کام نہیں کررہا تھا، اس سلسلے میں علاج و معالجے کے ساتھ ساتھ اس کا روحانی علاج بھی جاری تھا، واقعے سے کچھ دیر قبل اسے ایک پیر صاحب کے ہاں لے کر گئے تھے

جہاں انہوں نے اس پر دم کیا تھا بعد ازاں وہ اپنی اہلیہ اور بیٹے کے ہمراہ رکشے میں آرہے تھے کہ اس نے رکشا رکوایا اور ندی میں چھلانگ لگادی۔ متوفی 7 بچوں کا باپ تھا، پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد لاش ورثا کے حوالے کردی۔ دریں اثنا کینٹ ریلوے کی حدود بلوچ کالونی پل کے نیچے ریلوے پھاٹک پر کراچی سے لاہور جانے والی قراقرم ایکسپریس کی زد میں آکر 6 سالہ محمد سلیمان ولد اصغر جاں بحق ہوگیا جس کی لاش کو جناح اسپتال پہنچایا گیا۔ متوفی عمر کالونی کارہنے والا تھا، ضابطے کی کارروائی کے بعد لاش ورثا کے حوالے کردی گئی۔