کورنگی زونز میں برساتی نالوں کی صفائی ہنگامی بنیادوں پر انجام دیا جا رہا ہے۔عمران اسلم
Posted on April 24, 2014 By Majid Khan کراچی
کراچی: ایڈمنسٹریٹر ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشن کورنگی عمران اسلم نے کہا ہے کہ صوبائی وزیر بلدیات کی خصوصی ہدایت پر ضلع کورنگی میں رین ایمرجنسی کے حوالے سے انتظامات جاری ہیں ضلع کورنگی کے شاہ فیصل ،لانڈھی اور کورنگی زونز میں ہنگامی بنیادوں پر برساتی نالوں کی صفائی کا کام جاری ہے۔
برسات سے قبل ضلع کورنگی کے تمام علاقوں میں نکاسی آب کا مثالی نظام قائم کیا جائے گا ان خیالات کا اظہار ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی عمران اسلم نے سپرٹینڈنگ انجینئر بلدیہ کورنگی اقتدار احمد کے ہمراہ شاہ فیصل زون میں برساتی نالوں کی صفائی کے حوالے سے جاری کاموں کا معائنہ کرتے ہوئے کیا اس موقع پر فوکل پرسن شاہ فیصل زون اسلم پرویز ،انفارمیشن آفیسر محمد ارشد اور دیگر موجود تھے۔
ایڈمنسٹریٹر عمران اسلم نے برساتی نالوں کی صفائی کے کاموں کا معائنہ کرتے ہوئے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ نالوں کی صفائی کے بعد نالوں سے برآمد ہونے والے فضلے کو بروقت ٹھکانے لگایا جائے عمران اسلم نے کہاکہ نکاسی آب کے نظام کی درستگی کیلئے برساتی نالوں کے ساتھ سیوریج فلو کو درست بنانا ضروری ہے۔
انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے باہمی تعائون سے سیوریج فلو کی درستگی اور علاقائی سطح پر سیوریج کے حوالے سے عوام کو درپیش شکایات کا ازالہ کیا جائے ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی عمران اسلم نے کہاکہ برساتی نالوں کو مستقل بنیادوں پر صاف رکھنے کے حوالے سے عوامی تعاون کے ذریعے اقدامات کئے جائیں برساتی نالوں کی افادیت سے عوام کو آگاہ کیا جائے تاکہ عوام کے باہمی تعاون برساتی نالوں کو صاف ستھرا رکھ کر صحت مند ماحول کا قیام یقینی بنایا جا سکے۔
by Majid Khan
Nasir Mehmood - Chief Editor at GeoURDU.com