کوریا کا سرکاری ٹیلی ویژن گندھارا پر دستاویزی فلم نشر کرے گا

Korean Delegation at Taxila Museum

Korean Delegation at Taxila Museum

ٹیکسلا (ڈاکٹر سید صابر علی سے) کوریا کا سرکاری ٹیلی ویژن گندھارا پر دستاویزی فلم نشر کرے گا۔کوریا کا سرکاری ٹیلی ویژن کوریا برادکاسٹنگ سسٹم پاکستان میں موجود گندھارا تہذیب پر ایک گھنٹہ طویل دستاویزی فلم دکھائے گافلم کا مقصد پاکستان کو روشن خیال امیج دنیا کو بتانا ہے اور مذہبی سیاحت کو فروغ دینا ہے سرکاری ٹی وی کوریا کے دو پروڈیوسر مس ہون ہونگ کون اور لی ہون نے گزشتہ روز ٹیکسلا کے قدیم کھنڈرات سرکپ اور دھرماراجیکا کا دورہ کیا اور جدید آلات بشمول جدید ڈرون کیمروں کی مدد سے ان مقامات کی منظر کشی کی کوریا ٹی وی کا عملہ گندھارا آرٹ اینڈ کلچر ایسوسی ایشن کی جنرل سیکریٹری ڈاکٹر ایسٹر پارک کی دعوت پر پاکستان کا دورہ کر رہا ہے اس موقع پر تحصیل پریس کلب ٹیکسلا کے ممبران سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے مس ہونگ نے بتایا کہ اپنے قیام کے دوران انہوں نے ٹیکسلا کے علاوہ لاہور،سوات ،پشاور سمیت ہنزہ اور گلگت کا دورہ بھی کیا اور یہاں پر موجود گندھارا تہذیب کے آثار قدیمہ کے اہم مقامات کی عکس بندی کی انہوں نے کہا کہ فلم بنانے کا مقصد دنیا بالخصوص کوریا میں رہنے والے بدھ مت مذہب کے پیروکاروں کو پاکستان کے مثبت اور اصل چہرہ سے روشناس کروانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دوسرے غیر ملکی صحافیوں کی طرح ان کا بھی پاکستان کے بارے میں تاثر ٹھیک نہیں تھا تاہم پاکستان بھر کی سیاحت کے بعد ان کا تاثر تبدیل ہو گیا ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی عوام ملنساراور مہمان نواز ہیں اس موقع پر ڈاکٹر ایسٹر نے بتایا کہ جو ن کے مہینے میں کوریا میں پاکستان کے بدھ مت کے نوادرات اور بدھا کے مجسموں کی نمائش کے دوران یہ دستاویزی فلم دکھائی جائے گی ، انہوں نے کہا اگرچہ کوریا پاکستان کے درمیان جغرافیائی طور پر بہت فاصلہ ہو لیکن دونوں ممالک ہزاروں سالوں پر محیط ثقافتی اور مذہبی رشتے سے جڑے ہیں کیونکہ کوریا میں بدھ مت اس خطہ سے ہجرت کرنے والے ایک بدھ مت پیشواء کی وجہ سے پھیلا، انہوں نے اس امر کا اعادہ کیا کہ نمائش او ر دستاویزی فلم کی مدد سے نہ صرف پاکستان کا سافٹ امیج دنیا سے روشناس ہوگا بلکہ ملک میں مذہبی سیاحت کو بھی فروغ حاصل ہوگا۔

ڈاکٹر سید صابر علی تحصیل رپورٹر ٹیکسلا0300-5128038