اسلام آ باد (جیوڈیسک) پاکستان اورجنوبی کوریانے تجارت، صنعت اورتوانائی کے شعبوں میں تعاون کے لیے مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے ہیں۔ جنوبی کوریاایک ہزارمیگاواٹ کے گول پورپن بجلی کے منصوبے میںسرمایہ کاری کرے گا۔ وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والی تقریب میں دونوں ممالک کے وزرائے اعظم نے بھی شرکت کی۔
قبل ازیں وفود کی سطح پر مذاکرات سے پہلے وزرائے اعظم کے درمیان ون ٹوون ملاقات ہوئی۔ نوازشریف نے کوریاکے وزیراعظم چنگ ہونگ وون کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہاکہ 31 سال میں ہمارے سفارتی تعلقات کے قیام کے بعد کسی بھی کوریائی وزیراعظم کی جانب سے پاکستان کے پہلے دورے پرہمیں بہت خوشی ہے۔ تمام شعبوں میں کوریاکے ساتھ تعلقات کومضبوط اور مستحکم بنانا میری حکومت کاعزم ہے۔ آئی این پی کے مطابق نوازشریف نے کہاکہ پاکستان جنوبی کوریا کے ساتھ آزادانہ تجارت کامعاہدہ چاہتا ہے۔