کوریائی خطے میں صورتحال انتہائی تشویشناک ہے: کیم چونگ ان

Kim Jong-un

Kim Jong-un

پیانگ یانگ (جیوڈیسک) شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان نے خبردار کیا ہے کہ کوریائی فریقین کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث خطے میں صورتحال کافی تشویشناک ہو گئی ہے۔ سینئر فوجی حکام کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے کیم جونگ ان نے کہا کہ کوریائی خطے میں موجودہ صورتحال انتہائی سنجیدہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ کوریا کے مصالحانہ رویے کے باوجود جنوبی کوریا اور امریکہ مشترکہ مشقیں کرنے کیلئے سرگرم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ اور دیگر جارحانہ قوتیں ہمارے جذبہ خیر سگالی کے اقدام کو نظر انداز کر رہے ہیں اور وہ پوری طرح سے پیانگ یانگ کو سیاسی اور اقتصادی لحاظ سے تباہ کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شمالی کوریا کی فوج اور عوام کبھی بھی امریکہ کی جارحانہ پالیسی کو برداشت نہیں کرینگے۔ دوسری جانب جنوبی کوریا کا کہنا ہے کہ وہ مبینہ طور شمالی کوریا کے ڈرون طیارے کا معائنہ کر رہا ہے جو سرحد پر فائرنگ کے تبادلے کے بعد گرا تھا۔ سیول کا کہنا ہے کہ یہ ڈرون اس وقت گرا جب جنوبی اور شمالی کوریا کے درمیان ایک دوسرے کی سمندری حدود میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا جو شمالی کوریا کی طرف سے شروع کی گئی تھی۔

جنوبی کوریا کے حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوتا ہے کہ یہ ڈرون شمالی کوریا کی طرف سے آیا۔ جنوبی کوریا کی وزارتِ اتحاد کے ایک ترجمان نے کہا کہ جنوبی کوریا کے متعلقہ محکمہ نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ اس کے لیے ذمہ دار جنوبی کوریا ہے۔

اسی قسم کا ڈرون 24 مارچ کو شمالی اور جنوبی کوریا کو جدا کرنے والے غیر عسکری علاقے پاجو میں بھی ملا تھا۔ اس ڈرون میں اعلیٰ قسم کے کیمرے لگے ہوئے تھے جس سے فوجی عمارتوں اور جنوبی کوریا کے صدر کے گھر کی تصاویر لی گئی تھیں۔