کوٹ لکھپت گرڈ اسٹیشن کی خرابی کا دوسرا روز، آدھے سے زیادہ لاہور بدستور بجلی سے محروم

Grid Station

Grid Station

لاہور (جیوڈیسک) کوٹ لکھپت گرڈ اسٹیشن کی مرمت کا کام دوسرے روز بھی مکمل نہ سکا جس کے باعث آدھے سے زیادہ لاہور کی بجلی بدستور غائب ہے۔

220 کلو واٹ کے کوٹ لکھپت گرڈ اسٹیشن میں گرشتہ روز دن 12 بجے کے قریب فنی خرابی کے بعد آگ لگ گئی تھی لیکن گرڈ اسٹیشن کی مرمت کا کام دوسرے روز بھی مکمل نہیں ہو سکا جس کے باعث آدھے سے زیادہ لاہور شہر کی بجلی غائب ہے۔

گرڈ اسٹیشن کی خرابی کے باعث جو علاقے متاثر ہیں ان میں صدر، کینٹ، فتح گڑھ، مغل پورہ، ہربن پورہ، جوہر ٹاؤن، فیصل ٹاؤن، اقبال ٹاؤن، سمن آباد، بند روڈ، گلشن راوی، جوڑے پور، دھرم پورے، گجر پورہ، صحافی کالونی، ہرنس پورہ، اچھرہ اور مالی پورہ شامل ہیں۔

کوٹ لکھپت گرڈ اسٹیشن میں خرابی کے باعث 8 گرڈ اسٹیشنوں سے بجلی کی فراہمنی متاثر ہوئی ہے جس کی وجہ سے شہریوں کو پانی کی قلت کا بھی سامنا ہے۔ جن علاقوں میں بجلی آرہی ہے وہاں بھی 220 کے بجائے 140 وولٹ آ رہے ہیں جس سے نہ تو پنکھے چل سکتے ہیں اور نہ ہی فریج جس کی وجہ سے شہریوں کو پانی کی شدید قلت کا بھی سامنا ہے۔

دوسری جانب لیسکو حکام کا کہنا ہے کہ 11 بجے تک گرڈ اسٹیشن کی مرمت کا کام مکمل کر کے بجلی بحال کر دی جائے گی جب کہ لیسکو ذرائع کا کہنا ہے کہ دوپہر ایک بجے تک گرڈ اسٹیشن سے بجلی کی فراہمی ممکن بنائی جا سکے گی۔