لاہور (جیوڈیسک) کیمپ جیل کے بعد کوٹ لکھپت جیل میں بھی قیدیوں کو لائن لینڈ نمبر فون کی سہولت دے دی گئی ، جیل میں بند 4ہزار کے قریب قیدی لائن لینڈ نمبر سے اپنے پیاروں سے بات کر سکیں گے ۔ جیل میں جیمرز لگنے سے موبائل فون بند ہونے پر طالبان اور دہشت گردی کے ملزم جیل انتظامیہ کو دھمکیاں دے رہے ہیں۔ تفصیل کے مطابق کوٹ لکھپت جیل میں بند ہر قیدی 15 دن بعد اپنے اہلخانہ اور دوستوں سے 5منٹ تک 5مختلف نمبروں سے بات کر سکے گا، مقررہ وقت کے بعد کال آٹو میٹک بند ہو جائے گی ۔ خواتین کے لیے علیحدہ کیبن بنا یا گیا ہے۔
طالبان ، دہشت گردی اور خود کش بمباروں سمیت دیگر سنگین جرائم میں ملوث قیدیوں کواہلخانہ سے بات کرنے کی سہولت نہیں دی گئی۔ واضح رہے کہ جب سے دہشت گردوں کے خلاف آپریشن شروع ہوا ہے ان قیدیوں کی ملاقات پر بھی پابندی عائد ہے ۔اس کے علاوہ جیل میں بند بھارتی جاسوس بھی سہولت سے فائدہ نہیں اٹھا سکیں گے۔ آئی جی جیل خانہ جات میاں فاروق نذیر کا کہنا ہے جیمرز کمپنی نے جیمرز کی فریکونسی سیٹ کردی ہے اب ملحقہ آبادیاں میں موبائل کے سگنل آ رہے ہیں۔