پچنند (ضیاء قادری سے) کوٹ قاضی تا لیٹی روڈ کی تعمیر کے دوران سکا کے متاثرین کا شدید احتجاج، نقصان کا ازالہ کیا جائے، متاثرین پھٹ پڑے، تفصیلات کے مطابق کوٹ قاضی تا لیٹی سڑک کی تعمیر کے حوالہ سے کام کا آغاز کردیا گیا۔
لیکن روڈ کی تعمیر کے دوران زد میں آنے والے گھروں کو گرانے کا معاملہ شدید نوعیت اختیار کرگیا۔ موضع سکا کی عوام نے میڈیا کو بتایا کہ کوٹ قاضی تا لیٹی سڑک کی تعمیر کے دوران ہمیں راستے میں آنے والے مکانات گرانے کا نوٹس دیا گیا ۔ اس موقع پر نومنتخب کونسلر تجمل اعوان اور نمبردار سکا مظہر حسین کا کہنا تھا کہ ہم ترقی کے خلاف نہیں۔ کوٹ قاضی تا ٹمن روڈ کی تعمیر ایک اچھا اقدام ہے۔
اس سے علاقہ میں ترقی ہوگی اور آمدورفت میں خاطر خواہ بہتری واقع ہوگی لیکن مذکورہ روڈ کی تعمیرمیں ایک مکان نہیں بلکہ پورا محلہ شدید متاثر ہورہا ہے۔اس موقع پر سکا کے متاثرین محمد عاقل، میاں محمد، شیر افضل، محمد نواز، شوکت علی، سیف اللہ، سہیل، محمد اسحاق، عبدالخالق، نثار احمد، محمد جاوید، عمان اللہ،عمر فاروق سمیت دیگر افراد نے انتظامیہ کے خلاف شدید احتجاج بھی کیا۔ان کا کہنا تھا کہ ہمارا لاکھوں روپے کا نقصان کون پورا کرے گا۔ متعدد علاقہ مکین شدید سردی میں کھلے آسمان کے نیچے زندگی بسر کرنے پر مجبور ہوچکے ہیں جبکہ بیشتر افراد نقل مکانی کرنے پر مجبور ہوچکے ہیں۔
روڈ کی تعمیر کی زد میں بیوہ عبدارحمان، بیوہ محمد جان مرحوم کے مکانات بھی شامل ہیں جن کا سر چھپانے کا واحد ذریعہ چند مرلے زمین تھی۔اس کے ساتھ ایک مسجد کو بھی نقصان پہنچ رہا ہے۔علاقہ سکا کے مکین بے یارو مدوگار سراپا احتجاج بن چکے ہیں۔ مذکورہ روڈ کے متاثرین کا ڈی سی او چکوال سمیت اعلیٰ حکام سے پرزور مطالبہ ہے کہ روڈ کی زد میں آنے والے مکانات کا فوری معاوضہ دیا جائے۔