لاہور (جیوڈیسک) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ کوٹ رادھا کشن واقعے میں ملوث ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔ ایوان اقبال لاہور میں شاعر مشرق کے 137 ویں یوم پیدائش کے موقع پر خصوصی تقریب سے خطاب کے دوران گورنر پنجاب کا کہنا تھا۔
کہ موجودہ صورتحال میں ہمیں سوچنا چاہئے کہ ہم نے علامہ اقبال اور قائد اعظم کے ملک کو کہاں پہنچایا ہے، مسلمانوں کے اعلیٰ اقدار اور روایات کے احیا کے لئے اقبال کا کلام ایک روشنی کی حیثیت رکھتا ہے ہمیں علامہ اقبال کے فکرکو اپنانے کی ضرورت ہے۔
چوہدری محمد سرور نے کہا کہ انتہاپسندی نے ملک کو بہت نقصان پہنچایا ہے، گزشتہ دنوں کوٹ رادھا کشن میں مسیحی جوڑے کو زندہ جلانے کا واقعہ انتہائی افسوسناک ہے، اس طرح کا سلوک نہ اسلام سکھاتا ہے اور نہ ہی کوئی دوسرا مذہب، حکومت اس قسم کی بربریت کو کسی صورت برداشت نہیں کرے گی اور واقعے میں ملوث ملزمان کو کیفرکردار تک پہنچایا جائے گا۔