کوٹری بیراج پر دریائے سندھ میں پانی کا بہائو مسلسل بڑھنے لگا
Posted on August 29, 2013 By Noman Webmaster سٹی نیوز
کوٹری : کوٹری بیراج پر دریائے سندھ میں پانی کا بہائو مسلسل بڑھنے لگا گڈو اور کوٹری بیراجوں کے درمیان دریا کنارے آباد سینکڑوں دیہات ڈوب گئے سندھ اور پنجاب میں متاثرین سیلاب کا کوئی پرسان حال نہیں نو گوٹھ کے قریب دریائے سندھ کا پانی 5 دیہات میں داخل ہو گیا لوگوں نے نقل مکانی شروع کر دی۔
تفصیلات کے مطابق سیلابی ریلا سکھر اور گڈو بیراج سے ہوتا ہوا کوٹری بیراج پہنچ رہا ہے اور یہاں سے بحیرہ عرب میں گر رہا ہے۔ سیلاب سے دادو، میہڑ، سیہون اور مانجھند میں دریا کے کنارے آباد مزید 22 دیہات پانی کی لپیٹ میں آگئے ہیں۔اب تک ان علاقوں میں سیکڑوں دیہات ڈوب چکے ہیں لیکن حکومت کی جانب سے متاثرین کی مدد کے لئے کوئی اقدام نہیں کیا گیا۔ لوگ نقل مکانی بھی اپنی مدد آپ کے تحت کررہے ہیں۔
پنجاب میں دریائے چناب،راوی اور ستلج کے پانی سے متاثرہ علاقوں میں بھی متاثرین کسمپرسی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ دوسری جانب نو گوٹھ کے قریب دریائے سندھ کا پانی 5 دیہات میں داخل ہوگیا ہے جس کے باعث لوگوں نے نقل مکانی شروع کردی ہے۔
ذرائع کے مطابق دادو مورو پل کے مقام پردریائے سندھ میں پانی کے بہاو میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے، دادومورو پل پر پانی کی سطح 127.4 فٹ ہو گئی ہے۔ ذرائع محکمہ آب پاشی کے مطابق میہڑ، دادو، سیہون اور مانجھند تحصیلوں کے مزید 22 دیہات زیرآب آگئے ہیں۔