دریائے سندھ کا سیلابی ریلا کچے کے دیہات ڈبوتا ہوا اور لوگوں کو بے گھر کرتا بحیرہ عرب کی جانب رواں دواں ہے۔ کوٹری بیراج پر مسلسل اضافے سے درمیانے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔ ملک کے کئی علاقے سیلاب کی زد میں آ گئے۔ اس بپھرتے سیلابی ریلے کی زد میں جو بھی آیا۔ خس و خاشاک کی طرح بہہ گیا۔
دریائے سندھ اور اس کے معاون دریاں سے نکلتا سیلابی ریلا پنجاب میں تباہی مچاتا سندھ میں داخل ہوا تو سکھر، خیرپور، لاڑکانہ اور نوشہرو فیروز کے کئی دیہات ڈبو گیا۔ نوشہرو فیروز کی تحصیل مورو میں سیلاب نے تباہی مچا دی۔ سیلاب سے مورو کے دس سے زائد دیہات اور سینکڑوں ایکڑ اراضی پر گنے، چاول اور کپاس کی کھڑی فصلیں تباہ ہوگئیں۔
دادو مورو پل پر پانی کا دبا کے باعث دریا کنارے آباد لوگ نقل مکانی کر گئے۔ کوٹری بیراج پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے۔ گزشتہ آٹھ گھنٹوں کے دوران تیس ہزار کیوسک پانی کا اضافہ ہوا ہے۔ جس کے باعث کوٹری بیراج سے متصل کئی بستیاں خطرے کا شکار ہیں۔ لوگوں کو نقل مکانی کی ہدایت کردی گئی ہے۔